بلاول بھٹو کاسموگ سےپریشان پاکستانیوں کو کراچی منتقلی کا مشورہ

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اسموگ اور فضائی آلودگی سے پریشان پاکستانیوں کو کراچی منتقل ہونے کا مشورہ دے دیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ایکس پر ایئرکوالٹی انڈیکس کی رپورٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پاکستانیوں کراچی آجاؤ‘۔
لاہور آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبرپررہا
خیال رہے کہ دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں آج بھی لاہور پہلے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی مجموعی شرح 968 تک جا پہنچی ہے۔صوبائی دارالحکومت کے علاقے ڈی ایچ اے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1236، جوہر ٹاؤن کا 991، سید مراتب علی روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 1256 ریکارڈ کیا گیا، غازی روڈ انٹرچینج کا اے کیو آئی 904 ریکارڈ کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ ملتان کا اے کیو آئی 800 تک جا پہنچا جبکہ پشاور 258، فیصل آباد 252 اور اسلام آباد میں اے کیو آئی 253 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سموگ کے باعث خشک کھانسی، سانس میں دشواری، بچوں میں نمونیا اور چیسٹ انفیکشن میں اضافہ ہو رہا ہے، ایک ہفتے میں لاہور کے 5 بڑے سرکاری ہسپتالوں میں 35 ہزار سے زائد مریض رپورٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ سموگ اور فضائی آلودگی کے باعث پنجاب کے تمام اضلاع میں نجی و سرکاری اسکول بند کر دیے گئے ہیں۔اس حوالے سےجاری ہونےوالے نوٹی فکیشن کے مطابق پنجاب بھر میں تمام سرکاری اور نجی اسکول 17 نومبر تک بند رہیں گے۔
قبل ازیں پنجاب کے 8 اضلاع میں تعلیمی ادارے بند رکھنےکا فیصلہ کیاگیا تھا جن میں لاہور،فیصل آباد، گوجرانوالہ،ملتان، راولپنڈی،ڈی جی خان، سرگودھا اور ساہیوال سمیت دیگر اضلاع شامل تھے تاہم پنجاب کے وزیر تعلیم نے اب صوبے بھر کے اسکول بند کرنے کےاحکامات جاری کیے ہیں جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیاہے۔نوٹی فکیشن کےمطابق صوبے کےتمام سرکاری اور نجی اسکول 17 نومبر تک بند رہیں گے جب کہ نوٹیفکیشن میں ہدایت دی گئی ہےکہ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں،ٹیوشن سینٹرز کو آن لائن سیشن پر منتقل کیاجائے۔
