دبنگ خان کا بھارتی نوجوان اداکاروں کو چیلنج

بالی ووڈ بھائی جان سلمان خان نے بھارت کے نوجوان اداکاروں کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہمیں کاپی کرتے ہوئے اپنا معاوضہ بڑھانے میں تو کامیاب رہتے ہیں لیکن ان کی فلمیں ہماری فلموں کی طرح ہٹ نہیں ہو پاتی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میں شاہ رخ، عامر، اکشے اور اجے دیو گن نوجوان اداکاروں کو کڑی ٹکر دے سکتے ہیں اور یوں بھی ہمارا ریٹائر ہونے کا ابھی کوئی ارادہ نہیں ہے۔
بالی وڈ کے دبنگ سلمان خان سے جب یہ پوچھا گیا کہ آج کے نوجوان اداکاروں میں سے انھیں کس نے متاثر کیا ہے تو ان کا کہنا تھا، یہ لوگ بہت باصلاحیت، محنتی اور فوکسڈ ہیں لیکن وہ اور ان کے دور کے ہم عصر اتنی آسانی سے ہار نہیں مانیں گے۔
68ویں فلم فیئر ایوارڈ تقریب سے پہلے ایک پریس کانفرنس میں بولتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہماری فلمیں بھی چلتی ہیں اور اس لیے ہم اپنی فیس بڑھا دیتے ہیں اور ہمیں دیکھ کر دوسرے اداکار بھی اپنی فیس میں اضافہ کر دیتے ہیں۔ یہ اور بات ہے کہ اُن کی فلمیں نہیں چل رہیں۔
سلمان خان اب عید پر اپنی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان کی ریلیز کی تیاری کر رہے ہیں، سلمان خان فلمز پروڈکشن، کی اس فلم کو فرہاد سمجی نے ڈائریکٹ کیا ہے۔ اس فلم میں سلمان خان، وینکٹیش دگوبتی، پوجا ہیگڑے، اور بھومیکا چاولہ اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا ’بھائی جان‘ پٹھان کی طرح دھوم مچا پائیں گے۔
واضح رہے کہ عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان کی فلمیں اس وقت سو کروڑ کلب میں شامل ہیں بلکہ اس سے بھی زیادہ بزنس کا ریکارڈ قائم کر چکی ہیں، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق عامرخان نے سلمان خان کو ایک بڑے بجٹ کی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کی ہے نئی فلم عامر خان پروڈکشن کے تحت بنائی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق، پچھلے 6 مہینوں سے عامر خان اپنے ڈائریکٹر آر ایس پرسانا کے ساتھ مل کر اس فلم کے اسکرپٹ پر کام کر رہے ہیں، اس فلم کا فائنل ڈرافٹ تیار ہونے ہاتھ میں آنے کے بعد عامر خان کا خیال ہے کہ اس فلم کے لیے سلمان خان سے بہترین انتخاب کوئی اور نہیں ہو سکتا اور اس لیے انہوں نے سلمان خان کو اس فلم کی پیشکش کی ہے۔
سلمان خان نے بھی اپنے دوست عامر خان کی اس فلم میں کام کرنے کے لیے دلچسپی کا اظہار کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ عامرخان، سلمان خان کو پہلی مرتبہ کسی فلم میں کام کرنے کی پیشکش کر رہے ہیں اور اس کی بس ایک ہی وجہ ہے کہ عامر خان کو لگتا ہے کہ اس فلم کےلیے بھارتی فلم انڈسٹری میں سلمان خان ہی سب سے زیادہ بہتر انتخاب ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس فلم کا اسکرپٹ اور مرکزی کردار میں مکمل طور پر سلمان خان کی شخصیت کی چمک نظر آتی ہے لیکن زبردست مواد اور بےحد جذباتی کہانی ہونے کی وجہ سے یہ پراجیکٹ عامر خان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ اس کہانی کو لوگوں تک پہنچانےکے لیے سلمان خان کے ساتھ ایک نیا سفر شروع کرنے کے لیے پر اُمید ہیں، واضح رہے کہ فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ کی ناکامی کے بعد عامرخان نے اعلان کیا تھا کہ وہ کچھ وقت کے لیے اداکاری سے وقفہ لے رہے ہیں۔

ڈزنی نے نئی فلم کیلئے شرمین عبید چنائے کی خدمات حاصل کرلیں

Back to top button