برطانیہ کا سندھ میں متوقع سیلاب سےنمٹنے کیلئے امدادکااعلان

برطانیہ نے سندھ میں متوقع تباہ کن سیلاب سے نمٹنے کے لیے پیشگی 12 لاکھ پاؤنڈکی اضافی ہنگامی امداد فراہم کرنے کا اعلان کردیا۔

برطانوی امداد کو سیلاب سے بروقت انتباہی نظام اور متاثرہ علاقوں سے شہریوں کے انخلا، انتہائی متاثرہ اور کمزور گھرانوں کی نشاندہی، ضروری اشیاء اور مویشیوں کے تحفظ کے لیے سامان کا ذخیرہ اور انخلا کے مراکز کی تیاری میں استعمال کیا جائے گا۔

برطانوی ہائی کمیشن اسلام آباد کے مطابق  یہ امدادی فنڈز سندھ میں کام کرنے والی مختلف غیر سرکاری تنظیموں کوفراہم کئے جائیں گے۔

برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ سندھ اس وقت ہلاک خیز سیلاب کا سامنے کرنے کی تیاری کے ایک نہایت اہم مرحلے پر ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ امداد کا ہر ایک ڈالر جو تباہی سے پہلے بچاؤ پر خرچ کیا جاتا ہے، اُس سے آفات کے بعد کے اخراجات میں سات گنا بچت ممکن ہوتی ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر کے بقول سب سے بڑھ کر یہ کہ اس امداد سے قیمتی جانیں محفوظ رہتی ہیں اور تباہی سے بچاؤ ممکن ہوتا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات متاثرہ آبادیوں کو آفات آنے سے قبل تحفظ فراہم کریں گے اور بڑے پیمانے پر انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔

Back to top button