ٹی ٹونٹی ورلڈکپ: نیوزی لینڈ کینیڈا کو شکست دے کر سپر ایٹ میں پہنچ گیا

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں نیوزی لینڈ کینیڈا کو شکست دے کر سپر ایٹ میں پہنچ گیا۔
چنئی میں کھیلے گئے میچ میں کینیڈا کے کپتان دلپریت باجوہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز یووراج سامرہ اور دلپریت باجوہ نے شاندار آغاز فراہم کرتے ہوئے 116 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ دلپریت باجوہ 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کینیڈا نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 173 رنز بنائے۔ یووراج سامرہ نے 65 گیندوں پر شاندار 110 رنز کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری، جیکب ڈفی، کائل جیمیسن اور جمی نیشم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں نیوزی لینڈ نے ہدف 15.1 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ گلین فلپس 76 اور رچن رویندرا 59 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے، اور ٹیم کو باآسانی فتح دلوائی۔
اس سے قبل ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 31ویں میچ میں کینیڈا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چنئی میں کھیلے جانے والے میچ میں کینیڈا کے کپتان دلپریت باجوہ نے کہا کہ وکٹ اچھی نظر آ رہی ہے اور بعد میں سپن بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے، جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر گزشتہ رات برگر کھانے کے بعد طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے میچ میں حصہ نہیں لے پا رہے، اور ان کی جگہ ڈیرل مچل ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔
گروپ ڈی میں جنوبی افریقہ پہلے ہی سپر ایٹ میں پہنچ چکی ہے، جبکہ کینیڈین ٹیم اس دوڑ سے باہر ہو چکی ہے۔ نیوزی لینڈ کے لیے آج کا میچ جیتنا سپر ایٹ میں رسائی کے لیے ضروری ہے۔
