سکیورٹی فورسز کے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں آپریشنز، 7 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کرتےہوئے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو جہنم رسید کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کےمطابق خیبرپختونخوا کے علاقے باڑہ میں عزم استحکام وژن کے تحت انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران فتنۃ الخوارج کے 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے،فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کرتےہوئے ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا۔
سکیورٹی فورسز کی بھرپور کارروائی کے نتیجے میں فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سکیورٹی فورسز کی بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کےمطابق ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرکے 2 دہشت گرد ہلاک کردیے،فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں نے نوکچہ میں خالی واٹر باؤزر کو آگ لگانے کےبعد فرار ہونے کی کوشش کی۔
سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتےہوئے فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا،فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد این 40 شاہراہ کے مختلف مقامات پر آتشزدگی کی کارروائیوں میں بھی ملوث تھے۔
سکیورٹی ذرائع کاکہنا ہےکہ 31 اگست کو بھی اسی نوعیت کی تخریبی کارروائیوں میں ملوث فتنہ الہندوستان کے 11 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے۔
سکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کےلیے پرعزم ہیں،سکیورٹی فورسز کی آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
