غزہ میں جنگ بندی معاہدہ نافذہونےکادعویٰ

مصری میڈیا نے غزہ میں جنگ بندی معاہدے کے نافذالعمل ہونے کا دعویٰ کردیا۔

مصری وزارت خارجہ نے اس پیش رفت کو غزہ جنگ کا اہم موڑ قرار دیتے ہوئے کہا کہ شرم الشیخ میں ہونے والی بات چیت مثبت رہی۔

دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگ بندی آج شام اسرائیلی کابینہ کی منظوری کے بعد مؤثر ہوگی۔

ذرائع کے مطابق حماس اور اسرائیل کے درمیان امن معاہدے پر آج دستخط متوقع ہیں۔ دستخط کے بعد 24 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کا غزہ سے جزوی انخلا شروع ہو جائے گا، جب کہ 20 اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی اتوار یا پیر کو متوقع ہے۔

اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ معاہدے پر عملدرآمد کے لیے عملی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تل ابیب میں یرغمالیوں کے اہلخانہ نے معاہدے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

غزہ شہر اور خان یونس میں بھی شہریوں نے جنگ بندی پر سڑکوں پر نکل کر خوشی کا اظہار کیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل اور حماس نے امن معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں اور یرغمالیوں کی واپسی پیر سے شروع ہونے کی امید ہے۔

Back to top button