چین کی پاک افغانستان کشیدگی کے خاتمےکیلئےتعاون کی پیشکش

چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان 48 گھنٹے کی فائر بندی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور دیرپا امن کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نےکہا کہ چین ہمیشہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات میں بہتری کیلئے تعمیری کردار ادا کرتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی اس کردار کو جاری رکھے گا۔

پاکستانی دفترِ خارجہ نےاعلان کیا تھا کہ اسلام آباد اور افغان طالبان حکومت نے باہمی اتفاقِ رائے سے 48 گھنٹوں کیلئے عارضی فائر بندی پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ترجمان کے مطابق اس دوران دونوں ممالک ’’مثبت اور تعمیری مذاکرات‘‘ کے ذریعے سرحدی تنازع کے حل کی کوشش کریں گے۔

طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی ایک بیان میں تصدیق کی کہ افغان افواج کو فائر بندی کا احترام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، ’’البتہ اگر کوئی جارحیت کی جاتی ہے تو اس کا جواب دیا جائے گا۔‘‘

سرحدی حکام کے مطابق رات کے دوران کسی قسم کے جھڑپ یا فائرنگ کی اطلاع نہیں ملی اور فائر بندی بدستور نافذ ہے۔

Back to top button