صوابی میں کلاؤڈبرسٹ،سیلابی ریلے نےتباہی مچادی،15افرادجاں بحق

خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں کلاؤڈبرسٹ،لینڈسلائیڈنگ اور سیلابی ریلے نے تباہی مچادی،15افرادجاں بحق ہو گئے۔

ڈپٹی کمشنر صوابی نصراللہ خان نے بتایا کہ دالوڑی گاؤں میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں 12 مکانات ڈوب گئے۔ان کا کہنا تھا کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریلے کے بہاؤ میں شدت آئی اور کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو اہلکار اور دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کر دی گئی ہیں جبکہ ہری پور اور مردان سے بھی ریسکیو ٹیموں کو بلا لیا گیا ہے۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کمشنر مردان اور دیگر حکام سے رابطہ کرکے ڈپٹی کمشنر صوابی کو فوری طور پر متاثرہ علاقے میں پہنچنے اور ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرنے کی ہدایت دی۔

رپورٹ کے مطابق بادل پھٹنے سے درجنوں گھروں میں پانی داخل ہوگیا اور شہری جان بچانے کے لیے چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔ اب تک 70 سے زائد محصور افراد کو ریسکیو کیا جاچکا ہے۔

صوابی کی تحصیلوں رزڑ، لاہور اور ٹوپی میں طوفانی بارشوں کے بعد گھروں میں پانی بھر گیا، جبکہ گدون کے علاقے سٹیفہ موڑ میں کئی لوگ سیلابی ریلے میں پھنس گئے اور امداد کے منتظر ہیں۔

ہسپتال ذرائع کے مطابق گدون امازئی کے گاؤں سرکوئی پایاں میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوئے، جاں بحق ہونے والوں میں دو خواتین اور دو بچے بھی شامل ہیں۔ زخمیوں اور لاشوں کو ٹوپی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

نوشہرہ کی تحصیل پبی میں ایک مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی جاں بحق ہو گئے۔

پشاور میں موسلادھار بارش کے بعد مختلف مقامات پر برساتی نالے ابل پڑے، شہر کے کئی علاقے زیر آب ہیں۔

مینگورہ (سوات) اور ہری پور کے برساتی نالوں میں طغیانی کے باعث شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ہے، جبکہ کئی مقامات پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے۔

ایبٹ آباد اور آس پاس کے علاقوں میں مسلسل بارشوں سے سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی ہیں، لورا ندی کا پل بیٹھ جانے سے قریبی علاقے منقطع ہو گئے۔

ملتان، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان اور کلرکہار میں موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقے ڈوب گئے۔

مری میں بھی گلی، محلوں اور شاہراہوں پر پانی کھڑا ہو گیا ہے۔

کراچی میں بھی صبح کے وقت کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی، جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  نے خیبرپختونخوا، پنجاب، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل پھٹنے کے خدشے سے خبردار کرتے ہوئے شہریوں اور سیاحوں کو دریا کے کناروں اور پہاڑی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق یہ مون سون اسپیل 23 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے، اور اس دوران کراچی سمیت دیگر شہروں میں بھی مزید بارشیں متوقع ہیں۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!