اہم اجلاس میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی عدم شرکت افسوسناک ہے: گورنر فیصل کنڈی

گورنر فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت افغان پناہ گزینوں سے متعلق اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی عدم شرکت افسوسناک ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اتنے اہم اجلاس میں شریک نہیں ہوسکتے تھے تو صوبے کے گورنر کو بلایا جانا چاہیے تھا تاکہ صوبے کا مؤقف پیش کیا جاسکے۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اجلاس میں خیبرپختونخوا سے متعلق اہم فیصلے کیےگئے اور افسوس ہے کہ ہم مشاورتی عمل کا حصہ نہیں بن سکے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں افغان پناہ گزینوں کے سب سے زیادہ 43 کیمپ قائم ہیں اور صوبائی حکومت کا مؤقف ہےکہ افغان مہاجرین کی واپسی ایک منظم اور باوقار طریقہ کار کے تحت ہونی چاہیے۔
