26 اضلاع کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیووائرس کی تصدیق

ملک بھر کے 26 اضلاع سے جمع کیے گئے ماحولیاتی نمونوں میں وائلڈ پولیو وائرس ٹائپ 1 (ڈبلیو پی وی 1) کی موجودگی کی تصدیق ہوگئی۔
ملک بھر میں رواں سال کی پہلی انسداد پولیومہم کاآغاز کل سے کیاجارہاہے۔
رپورٹ کے مطابق ریجنل ریفرنس لیبارٹری برائے انسدادپولیو کےعہدیدار نے بتایا کہ بدین، گھوٹکی، حیدرآباد، جیکب آباد، قمبر، کراچی سینٹرل، کراچی ایسٹ، کراچی کورنگی، کراچی ملیر، کراچی ساؤتھ، کراچی ویسٹ،کراچی کیماڑی، میرپورخاص، سجاول، سکھر، ایبٹ آباد، باجوڑ، ڈی آئی خان،لکی مروت، پشاور، چمن، لورالائی، کوئٹہ، لاہور، ملتان اور راولپنڈی سےسیوریج کےنمونے اکٹھے کیے گئے تھے۔
ٹھٹھہ، عمرکوٹ، خیرپور، ٹنڈو اللہ یار،ٹنڈو محمد خان،نوشہرو فیروز اور لکی مروت کے اضلاع سے جمع کیےگئےسیوریج کے نمونوں میں بھی گزشتہ ماہ ڈبلیو پی وی ون کی تصدیق ہوئی تھی۔
سیوریج کے مثبت نمونےعلاقےمیں پولیو وائرس کی موجودگی کی نشاندہی کرتے ہیں، جس سے بچوں کو اس معذور کردینےوالی بیماری میں مبتلا ہونے کا خطرہ ہے۔
پاکستان کا شمار افغانستان کے ساتھ دنیا کےان آخری2ممالک میں ہوتا ہے جہاں پولیو وائرس اب بھی موجود ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان ’ڈبلیو پی وی 1 کےایک مرتبہ پھرشدت اختیار کرنے کے خلاف کام کر رہا ہے۔‘