ایران کی جوابی کارروائی سے خام تیل کی قیمت7فیصد گرگئی

ایران کا قطر میں امریکی اڈے پرحملہ، عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 7 فیصد سے زائدگرگئی۔
ایران کی جانب سے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائل حملے کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔
ابتدائی رپورٹس کے مطابق خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد سے زائد کی کمی دیکھی گئی ہے۔ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 7.22 فیصد کمی کے ساتھ 68.51 ڈالر فی بیرل پر آ گیا ہے، جبکہ برطانوی برینٹ آئل 7.18 فیصد کمی کے بعد 71.48 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہو رہا ہے۔
یہ گراوٹ اُس وقت دیکھنے میں آئی جب ایران نے قطر اور عراق میں موجود امریکی اڈوں پر بیلسٹک میزائل داغے۔ امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے قطر کی جانب چھ بیلسٹک میزائل فائر کیے۔
قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکی العدید ایئر بیس کو ممکنہ خطرے کے پیش نظر پہلے ہی خالی کرا لیا گیا تھا۔ قطر نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ تاہم ایرانی حملے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
قطر نے اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس حملے کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔