سائبر کرائم ایجنسی کا عمران خان سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر 21 نکاتی سوالنامہ

پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ (سابق ٹوئٹر) کے استعمال سے متعلق نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، این سی سی آئی اے نے عمران خان کو 21 سوالات پر مشتمل تحریری سوالنامہ فراہم کر دیا ہے، جس کی روشنی میں ان سے تفتیش کی جائے گی۔
ادارے نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ جیل میں ہونے کے باوجود سابق وزیراعظم کا ’ایکس‘ اکاؤنٹ کیسے فعال ہے، اور کیا وہ اس سے منسلک پوسٹس کی ملکیت یا منظوری دیتے ہیں؟

جیل میں ہونے کے باوجود ’ایکس‘ اکاؤنٹ کون چلا رہا ہے؟

کیا آپ اکاؤنٹ سے ہونے والی تمام پوسٹس کو تسلیم کرتے ہیں؟

کیا مبینہ طور پر ریاست مخالف مواد آپ کی مرضی سے شائع ہوتا ہے؟

ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے کی تفتیشی ٹیم دو مرتبہ اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کر چکی ہے، تاہم تعاون نہ ملنے پر اب انہیں تحریری سوالنامہ دیا گیا ہے۔

ملاقاتوں کے دوران دوسری بار ماحول تلخ ہو گیا، جب عمران خان نے مبینہ طور پر تفتیشی ٹیم سے تلخ کلامی کی۔ عدم تعاون کے باعث ٹیم نے ان سے مزید براہ راست سوالات کرنے کے بجائے تحریری طریقہ اپنایا ہے۔

یاد رہے کہ لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے 14 مئی کو عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرانے کی اجازت دی تھی۔
یہ فیصلہ 9 مئی 2023 کے واقعات سے متعلق تحقیقات کے تناظر میں کیا گیا تھا۔

تاہم، عمران خان نے اب تک چار مرتبہ پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے جیل میں آنے والی ٹیم کے ساتھ تعاون نہیں کیا۔
ان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ "دو سال بعد ایسی درخواست دینا بدنیتی پر مبنی ہے”۔

Back to top button

Adblock Detected

Please disable the adblocker to support us!