ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کا امکان

ایران اسرائیل جنگ کے باعث عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے پاکستان میں آئندہ پندرہ روز کےلیے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب تقریباً ایک روپے اور 5 روپے فی لیٹر اضافے کا تخمینہ لگایا گیاہے۔
موجودہ ٹیکس کی شرحوں کی بنیاد پر باخبر ذرائع نے بتایاکہ 15 جون کو حتمی حساب سے پیٹرول کی ایکس ڈپو قیمت میں تقریباً ایک روپے فی لیٹر اضافےکا تخمینہ لگایا گیا ہے، جب کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
اس وقت ایکس ڈپو پیٹرول کی قیمت فی لیٹر 252.63 روپے ہے۔پیٹرول زیادہ تر نجی ٹرانسپورٹ، چھوٹی گاڑیوں،رکشوں اور دو پہیوں والی سواری میں استعمال ہوتا ہے اور اس کا براہ راست اثر متوسط اور نچلے متوسط طبقے کے بجٹ پر پڑتا ہے۔
ڈیزل کی اس وقت ایکس ڈپو قیمت 254.64 روپے فی لیٹر ہے۔ ٹرانسپورٹ کا زیادہ تر شعبہ ہائی اسپیڈ ڈیزل پر چلتا ہے۔ اس کی قیمت کو افراط زر میں کمی یا اضافے کی وجہ سمجھا جاتا ہے، کیونکہ یہ زیادہ تر بھاری نقل و حمل کی گاڑیوں، ٹرینوں، اور زرعی انجنوں، جیسے ٹرک، ٹریکٹر، بس، ٹیوب ویل اور تھریشرز میں استعمال ہوتا ہے، اور خاص طور پر سبزیوں اور دیگر کھانے پینےکی اشیا کی قیمتوں میں اضافہ کرتا ہے۔ ڈیزل کی قیمت کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ کرایوں میں شاذ و نادر ہی کمی آتی ہے۔
حکومت اس وقت پیٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 94 روپے فی لیٹر چارج کررہی ہے۔اگرچہ تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جنرل سیلز ٹیکس (جی ایس ٹی) صفر ہے، حکومت اب بھی ڈیزل پر 77.01 روپے فی لیٹر پیٹرولیم لیوی اور پیٹرول اور ہائی آکٹین مصنوعات پر 78.02 روپے فی لیٹر وصول کررہی ہے۔
حکومت پیٹرول اور ایچ ایس ڈی پر تقریباً 16 روپے فی لیٹر کسٹم ڈیوٹی بھی وصول کرتی ہے،چاہے وہ مقامی طور پر تیار کیےگئے ہوں یا درآمد کیے جائیں۔
مزید برآں تقریباً 17 روپے فی لیٹر ڈسٹری بیوشن اور سیل مارجن آئل کمپنیوں اور ان کے ڈیلرز کےلیے مختص ہیں۔
مسلم دنیا اسرائیل کے خلاف متحد نہ ہوئی تو سب کی باری آئے گی : خواجہ آصف
یاد رہے کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملوں کےبعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں 7 فیصد تک اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹ کےمطابق برینٹ آئل کی قیمت میں 7.4 فیصد اضافہ ہوا ہےاور برینٹ آئل کی نئی قیمت اب 74.46 ڈالر فی بیرل ہےجب کہ کروڈ آئل کی قیمت میں 5.7 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد کروڈ آئل نئی قیمت اب 73.15 ڈالر فی بیرل ہے۔