ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے عمران خان کو گرفتار کرنے سے روک دیا

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے پولیس کو 9 مئی سمیت پانچ مقدمات میں بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔
عمران خان کے خلاف 9 مئی کے واقعات، اقدامِ قتل، جعلی رسیدوں اور دیگر الزامات پر مختلف مقدمات درج ہیں، جبکہ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر بھی مبینہ طور پر جعلی رسیدیں جمع کروانے کا مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔
یہ مقدمات جج افضل مجوکہ کی عدالت میں سماعت کے لیے پیش ہوئے۔ عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع کرتے ہوئے حکم دیا کہ 25 نومبر تک دونوں کو کسی بھی متعلقہ مقدمے میں گرفتار نہ کیا جائے۔
عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر عمران خان کو عدالت میں یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے۔ ضمانت کی درخواستوں پر مزید سماعت 25 نومبر تک ملتوی کر دی گئی۔
