طلاق کا غصہ، جنوبی کوریا میں شخص نے چلتی ٹرین کو آگ لگا دی

جنوبی کوریا میں 67 سالہ شخص نے بیوی سے علیحدگی کے غصے میں ایک چلتی ٹرین میں مٹی کا تیل چھڑک کر آگ لگا دی، جس سے ٹرین میں موجود مسافر خوفزدہ ہو کر جان بچانے کے لیے دوڑ پڑے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ وان نامی شخص کی جانب سے پیش آیا، جو حالیہ طلاق کے مقدمے کے فیصلے سے شدید ذہنی دباؤ میں تھا۔ ٹرین میں نصب سیکیورٹی کیمروں نے واقعے کی مکمل ویڈیو محفوظ کی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹرین روانی سے اپنی منزل کی طرف جا رہی ہے،مسافر اپنی نشستوں پر موجود ہیں،اچانک وان مٹی کا تیل فرش پر چھڑکنا شروع کرتا ہے،مسافر خوفزدہ ہو کر جان بچانے کے لیے بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔اور اسی لمحے وہ ٹرین کو آگ لگا دیتا ہے۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے وان کو گرفتار کر لیا۔ دورانِ تفتیش اس نے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی طلاق سے سخت دلبرداشتہ تھا اور ایک ہفتہ قبل ہی پیٹرول خرید چکا تھا تاکہ حملہ کر سکے۔