سندھ میں نیگلیریا نےطالب علم کی جان لے لی

سندھ میں نیگلیریا سے رواں سال کی چوتھی موت، 17 سالہ طالب علم کو دماغی جرثومے نے مار ڈالا۔

 سندھ میں رواں سال نگلیریا فاؤلری کے سبب چوتھی ہلاکت رپورٹ ہوگئی،کراچی ضلع وسطی کا 17 سالہ طالبعلم سید علی رضا شاہ دماغ خور جرثومے کا شکار ہوکر جان سے گیا۔

محکمہ صحت سندھ کے مطابق کراچی ضلع وسطی کا 17 سالہ طالبعلم سید علی رضا شاہ نگلیریا فاؤلری کا شکار ہو کر انتقال کر گیا، جو صوبے میں رواں برس اس بیماری سے جاں بحق ہونے والا چوتھا مریض ہے۔

محکمہ صحت کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق نوجوان کو 25 جون کو بخار، جسم میں درد اور قے کی علامات کے ساتھ ایک نجی ہسپتال لایا گیا، جہاں اگلے روز داخل کر کے اس کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے۔

طبی تجزیوں میں نگلیریا کی تصدیق کے بعد اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا،جہاں وہ آج دوپہر 12 بجے زندگی کی بازی ہار گیا۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان گھریلو استعمال کے لیے آر او فلٹریشن واٹر استعمال کرتا تھا، اوور ہیڈ ٹینک کی صفائی گزشتہ چھ ماہ سے نہیں کی گئی تھی۔

Back to top button