بجلی بلوں سے پی ٹی وی فیس ختم کرنے کافیصلہ

وفاقی حکومت نے بجلی صارفین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اہم قدم اٹھاتے ہوئے بلوں میں شامل پی ٹی وی فیس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کا باقاعدہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں بجلی کے صارفین سے 35 روپے ماہانہ پی ٹی وی فیس وصول کی جاتی ہے، جو تمام کیٹیگریز کے صارفین پر لاگو ہے۔
حکومت کے اس فیصلے کے بعد بجلی بلوں میں براہ راست کمی آئے گی، جس سے کروڑوں صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
یاد رہے کہ رواں ماہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر پی ٹی وی اور دیگر غیر ضروری سرچارجز ختم کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا گیا تھا۔
ملک بھر میں 4 کروڑ 26 لاکھ صارفین سے پی ٹی وی فیس کی مد میں تقریباً ڈیڑھ ارب روپے ماہانہ وصول کیے جاتے ہیں۔
سالانہ بنیاد پر یہ وصولی 16 ارب روپے تک پہنچتی ہے، تاہم حکام کے مطابق اس میں سے صرف 11 ارب روپے کی مؤثر وصولی ممکن ہوتی ہے۔
وزیراعظم کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا تھا کہ پی ٹی وی فیس ختم کر کے عوام کو بجلی کے ٹیرف میں براہ راست ریلیف دیا جا سکتا ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر ہدایت دی کہ پی ٹی وی کی مالی ضروریات کے لیے متبادل ذرائع اختیار کیے جائیں، اور بجلی بلز پر عوام پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے۔
اسی اجلاس میں وزیراعظم کو پاور اسمارٹ ایپ کے تحت "اپنا میٹر، اپنی ریڈنگ” کے منصوبے پر بھی بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد بجلی ریڈنگ سسٹم میں شفافیت اور درستگی لانا ہے۔