اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان پر انڈہ پھینک دیا گیا ، دو خواتین گرفتار

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان پر انڈہ پھینک دیا گیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اچانک دو انڈے ان کی جانب پھینکے گئے، جن میں سے ایک انہیں جا لگا۔ اس واقعے پر موقع پر موجود پی ٹی آئی کارکنان مشتعل ہو گئے اور احتجاج شروع کر دیا۔
پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین کو حراست میں لے کر اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا۔
اس سے قبل، علیمہ خان سے کچھ تلخ اور سخت سوالات کیے گئے تھے جس پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے برہمی کا اظہار کیا۔ پی ٹی آئی رہنما سیمابیہ طاہر بھی اس موقع پر شدید ردِعمل دیتے ہوئے صحافیوں سے الجھ پڑیں، جبکہ علیمہ خان نے سوالات کے جواب دیے بغیر اپنی گاڑی میں واپس چلی گئیں۔
بعد ازاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ "ہوا بدل چکی ہے، لوگ غصے میں ہیں اور خوفزدہ بھی، لیکن اب ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔ پولیس اہلکار بھی کہہ رہے ہیں کہ وہ تھک چکے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ "8 فروری کو عوام نے کھل کر اظہار کیا تھا، آج بھی عوام عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عمران خان جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کی بات کرتے ہیں، مگر مخالف قوتیں ان کی آواز دبانا چاہتی ہیں۔”
