ہرشہری برابر،تنقید کرنیوالوں کی بےبسی کااندازہ ہے،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آج اگر مجھ پر تنقید ہو رہی ہے تو اس کی وجہ میرا کام کرنا ہے، اور میں تنقید کرنے والوں کی بے بسی کو بخوبی سمجھتی ہوں۔

میانوالی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گجرات، گورننس کے اعتبار سے پنجاب کا اہم ترین شہر ہے، مگر حیران کن طور پر وہاں کوئی ڈرینج سسٹم موجود نہیں تھا۔ اب پنجاب حکومت 26 ارب روپے کی لاگت سے شہر میں نیا نکاسی آب کا نظام قائم کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے پنجاب کا ہر شہری برابر ہے۔ صرف دعوے کرنا آسان ہوتا ہے، اصل کام کے لیے میدان میں نکلنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں تین ماہ تک مسلسل بارشیں ہوئیں، اور اب شدید سیلابی صورتحال کا سامنا ہے، مگر اس موقع پر بھی کچھ لوگ صرف تنقید میں مصروف ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ جب میں دریائے روای میں کشتی پر سوار ہوئی تو یہ سوال اٹھایا گیا کہ اگر کشتی ڈوب جاتی تو کیا ہوتا؟ لیکن میں جانتی ہوں کہ اس طرح کی تنقید کرنے والے دراصل بے بسی کا شکار ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سیلاب متاثرین کو روزانہ تین وقت کا کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، ہر خیمہ بستی میں موبائل اسپتال اور جانوروں کے لیے چارے و دیکھ بھال کا مکمل انتظام موجود ہے۔

مریم نواز نے وعدہ کیا کہ سیلاب سے ہونے والے ہر نقصان کا ازالہ کیا جائے گا اور پانی اترنے کے بعد متاثرین کو دوبارہ آباد کرنے کا کام فوری شروع کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب اور دیواریں گرنے کے حادثات میں اب تک 100 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، اور ہر جاں بحق شخص کے لواحقین کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔

 

Back to top button