دوحہ میں عرب اسلامی سربراہی اجلاس کامشترکہ اعلامیہ جاری

قطرپراسرائیلی حملے کے بعد دوحہ میں منعقدہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ جاری کردیاگیا۔
دوحہ میں منعقدہ ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں مسلم ممالک نے قطر پر اسرائیلی حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے خطے میں امن کی کوششوں کے لیے سنگین دھچکا قرار دیا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل کا قطر پر بزدلانہ اور غیر قانونی حملہ قابل مذمت ہے، اور قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے خلاف سنگین خلاف ورزی ہے۔ مسلم ممالک نے قطر کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے، کسی بھی ممکنہ ردعمل کے لیے اس کے اقدامات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
مزید کہا گیا کہ غیر جانبدار ثالث پر حملہ، امن کے امکانات کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہے، اور قطر پر مزید حملوں کی اسرائیلی دھمکیوں کو یکسر مسترد کیا گیا ہے۔
اعلامیے میں قطر کے تحمل اور تدبر کو سراہا گیا، اور غزہ میں جنگ بندی کے لیے قطر، مصر اور امریکا کی ثالثی کوششوں کی مکمل حمایت کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امیر قطر نے کہا کہ اسرائیل نے انسانیت کے خلاف جرائم کی تمام حدیں عبور کر لی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل نے نہ صرف فلسطینیوں کی نسل کشی کی بلکہ قطر جیسے غیر جانب دار ثالث پر بھی حملہ کر کے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا۔
اپنے خطاب میں امیر قطر نے اسلامی دنیا کے رہنماؤں کو دوحہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی نسل کشی جاری ہے، اور یہ کہ اسرائیل نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسرائیل کا حالیہ حملہ نہ صرف بڑی جارحیت کا مظہر ہے بلکہ قطر کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی بھی کھلی خلاف ورزی ہے۔
