کوئٹہ،سریاب روڈ پر دھماکا، 4 جاں بحق، متعدد زخمی

کوئٹہ میں سریاب روڈ پر دھماکا ہوا، جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 17 زخمی ہو گئے۔

محکمہ داخلہ بلوچستان ہوم کےبیان میں کہا گیا کہ ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، مزید کہا گیا کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ حکومت نے واقعے کی اعلیٰ سطح کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور اداروں سے تعاون کریں۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے شاہوانی سٹیڈیم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے، ان کا کہنا تھا کہ دھماکا انسانیت کے دشمنوں کی بزدلانہ کارروائی ہے۔

واضح رہے کہ 29 مارچ 2025 کو بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل کا وڈھ سے کوئٹہ کی جانب لانگ مارچ جاری تھا، مارچ کے شرکا مستونگ کے قریب پہنچے تھے تو ایک خودکش حملہ آور نے خود کو اڑا لیا تھا، تاہم سردار اختر مینگل اور دیگر محفوظ رہے تھے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بیان میں کہا تھا کہ اطلاعات کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سردار اختر مینگل اور بی این پی کی پوری قیادت محفوظ ہے۔

حکومتی عہدیدار نے یقین دلایا تھا کہ بی این پی کی ریلی کے شرکا، اختر مینگل اور دیگر رہنماؤں کی حفاظت صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

 

Back to top button