خیبرپختونخواہ میں وفاقی امداد جاری ہے ، صوبائی وزرا کے بیانات افسوسناک ہیں، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں وفاق کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، تاہم بعض صوبائی وزرا کے بیانات افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہیں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلابی صورتحال قومی سانحہ ہے، جس پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ عطا تارڑ نے صوبائی وزیر بیرسٹر سیف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فیلڈ میں جا کر خود وفاق کی امدادی سرگرمیاں دیکھیں۔

عطا تارڑ نے مزید کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم یا این ایف سی ایوارڈ کے حوالے سے کوئی مسودہ یا تجاویز فی الحال زیر غور نہیں ہیں۔

وفاقی حکومت کی تشہیری مہم سے متعلق تنقید پر انہوں نے وضاحت کی کہ ہر یوٹیوب اشتہار میں قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال کی تصاویر شامل تھیں۔ صرف ایک اخباری اشتہار پر سیاست کی گئی، حالانکہ خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی مہم میں ان شخصیات کی تصاویر شامل نہیں کیں، مگر وفاق نے اس پر کوئی اعتراض نہیں اٹھایا۔

خیال رہے کہ حالیہ شدید بارشوں، بادل پھٹنے کے واقعات اور سیلابی ریلوں کے باعث خیبر پختونخوا میں اب تک 328 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے۔

Back to top button