قومی اسمبلی میں پہلے اے آئی فعال پارلیمانی نظام کا آغاز

قومی اسمبلی میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت کرتے ہوئے پہلے اے آئی فعال پارلیمانی نظام کا اجرا کر دیا گیا۔

سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل نظام کا استعمال ادارہ جاتی کارکردگی، شفافیت اور قانون سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنائے گا۔

سردار ایاز صادق نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی وقت کی اہم ضرورت ہے اور دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لیے مصنوعی ذہانت سے استفادہ ناگزیر ہو چکا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ادارہ جاتی کارکردگی میں نمایاں بہتری آ رہی ہے۔ ماضی میں فائلوں کے باعث کام میں تاخیر ہوتی تھی، تاہم ڈیجیٹل نظام متعارف ہونے سے شفافیت اور تیزی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اراکینِ قومی اسمبلی ایوان کی کارروائی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، اسی لیے قومی اسمبلی کو مرحلہ وار پیپر لیس بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق بجٹ دستاویزات کو بھی ڈیجیٹل اور پیپر لیس نظام پر منتقل کیا جا رہا ہے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمانی امور میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی اور اے آئی ٹیکنالوجی کے نفاذ سے اراکینِ پارلیمنٹ کو قانون سازی اور دیگر پارلیمانی معاملات میں بھرپور سہولت میسر آئے گی۔

 

Back to top button