شمالی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز کاآپریشن،22 دہشتگردجنہم واصل

سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں آپریشن کیا، اور اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 22 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے، جو علاقے میں متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں سرگرم رہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس وقت علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھا ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ شواہد سے یہ بھی ثابت ہوا ہے کہ خوارج مقامی آبادی کو زبردستی اور دھمکیاں دے کر انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرتے رہے تاکہ محفوظ راستہ حاصل کیا جا سکے، جو ایک انتہائی قابلِ مذمت عمل ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہاکہ علاقے میں چھپے ہوئے خوارج کے خاتمے کے لیے آپریشن جاری رہے گا، جبکہ ’عزمِ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشتگردی کی مہم مکمل رفتار سے جاری ہے تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

 

Back to top button