آپریشن غضب للححق پوری قوت کے ساتھ جاری ہے،شہبازشریف

وزیراعظم شہبازشریف نے کہاکہ آپریشن غضب للححق پوری قوت کے ساتھ جاری ہے جس کا مقصد افغان طالبان کی سرپرستی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا اور دہشتگرد ٹھکانوں اور ان کے معاون ڈھانچے کو ختم کرنا ہے۔
وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کا دورہ کیا اور فیکلٹی و سٹاف آفیسرز سے خطاب کیا۔
وزیراعظم نے مسلح افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، آپریشنل تیاریوں اور ملکی خودمختاری کے تحفظ، امن و استحکام کے قیام کے لیے دی گئی قربانیوں کو سراہا۔
انہوں نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور وطن کے دفاع میں افواج پاکستان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا۔
شہبازشریف نے معرکہ حق کا حوالہ دیتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج کی تاریخی کامیابی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم نے بھارت کی بلاجواز اور تکبر پر مبنی جارحیت کے مقابلے میں پاکستان کے ذمہ دارانہ، محتاط اور منصفانہ مؤقف کو اجاگر کیا اور کہاکہ اس مؤقف کو عالمی برادری نے بھی تسلیم کیا۔
انہوں نے واضح کیاکہ پاکستان اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔
وزیراعظم نے دوست ممالک کے طلبہ کی موجودگی کو سراہتے ہوئے ملٹری ڈپلومیسی اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے کردار کو اجاگر کیا۔
دورے کے دوران وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزرا اور وزیراعلیٰ بلوچستان بھی موجود تھے۔
