ملک کے 42 بڑے ٹیکس دہندگان کیلئےبلیو پاسپورٹ جاری کرنے کی منظوری

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے ملک کے 42 بڑے ٹیکس دہندگان کے لیے بلیو پاسپورٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ڈی جی پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کے مطابق وزیراعظم کی ہدایات پر ان ٹیکس دہندگان کو ‘ایمبیسڈر ایٹ لارج’ کا درجہ دیا گیا ہے۔ ان میں سے بیشتر افراد کو پاسپورٹ جاری بھی کیے جاچکے ہیں۔
حکام ایک ایسی تجویز پر بھی غور کررہے ہیں جس کے تحت مخصوص حد سے زیادہ ٹیکس دینے والے دیگر تاجروں کو بھی خاص رنگ کے پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں وزارتِ تجارت اور ایف بی آر سے مشاورت کی جارہی ہے۔ اس اقدام کا مقصد ملک میں ٹیکس کلچر کو فروغ دینا اور بڑے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
پاسپورٹ کے حصول کو مزید آسان بنانے کے لیے ملک بھر میں ‘ہوم ڈیلیوری’ سروس شروع کی جارہی ہے۔ اس سروس کے لیے ایک کوریئر کمپنی کے ساتھ معاہدہ طے پانے والا ہے۔ جس کے بعد شہری معمولی اضافی چارجز دے کر اسلام آباد سے براہِ راست اپنے گھر پر پاسپورٹ منگوا سکیں گے۔
محکمہ جلد ہی ایک ‘چیٹ بوٹ’ بھی متعارف کروا رہا ہے جو سائلین کو دستاویزات کی معلومات اور پاسپورٹ کی تیاری کی صورتحال بتائے گا۔ اس کے علاوہ نادرا کی طرز پر ایک موبائل ایپ یا آن لائن سسٹم لانے پر بھی کام جاری ہے۔ اس سسٹم کے ذریعے شہری کسی بھی وقت گھر بیٹھے پاسپورٹ کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

Back to top button