تعلیمی اداروں میں تعطیلات کا نوٹیفکیشن روکنے کی استدعا مسترد

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب بھر کے تعلیمی اداروں میں 3 ماہ کی گرمیوں کی تعطیلات سے متعلق نوٹیفکیشن پر فوری عملدرآمد روکنے کی درخواست مسترد کردی۔

لاہورہائیکورٹ میں درخواست آل پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کی جانب سے دائر کی گئی جس پر جسٹس خالد اسحاق نے سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیاکہ پاکستان میں تعلیمی سال کم ہو کر صرف 120 دن رہ گیا ہے جبکہ امریکا، انگلینڈ اور دیگر ترقی یافتہ ممالک میں تعلیمی سال قریباً 230 دنوں پر مشتمل ہوتا ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ 3 ماہ تک سکول بند رکھنے سے طلبہ کی تعلیم بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے، اس لیے عدالت موسمِ گرما کی تعطیلات کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دے اور چھٹیوں کا دورانیہ 6 سے 8 ہفتے تک محدود کرنے کے احکامات جاری کرے۔

عدالت نے فوری حکمِ امتناع جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے پنجاب حکومت اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کر دیے اور جواب طلب کرلیا۔

 

Back to top button