پاکستان نے پہلے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی

پاکستان نے تین ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کے افتتاحی میچ میں میزبان ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کرلی۔
ویسٹ انڈیز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 280 رنز بنائے اور پاکستان کو فتح کے لیے 281 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49ویں اوور میں 280 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ ایون لوئس 60 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے، کپتان شائے ہوپ نے 55 جبکہ روسٹن چیز نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔
دیگر بیٹرز میں رتھرفورڈ نے 10، گڈاکیش موتی نے 31، شیمار جوزف نے 8 اور شیفرڈ نے 4 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نسیم شاہ نے 3 جبکہ صائم ایوب، سفیان مقیم اور سلمان آغا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹرز نے پراعتماد بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 281 رنز کا ہدف 49ویں اوور میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ ڈیبیو کرنے والے حسن نواز نے اپنے پہلے ون ڈے میں 63 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر سب کی توجہ حاصل کی، جبکہ حسین طلعت 41 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
میچ سے قبل ٹیم مینیجر نوید اکرم چیمہ نے حسن نواز کو ان کا ون ڈے ڈیبیو کیپ دی، جس پر ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف نے انہیں مبارکباد پیش کی۔
پاکستان کی ابتدائی الیون میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان، سلمان آغا، حسن نواز، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور سفیان مقیم شامل تھے۔
اب پاکستان کو دوسرا میچ جیت کر تین میچز کی اس سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
