سیلابی صورتحال: شہباز شریف کا سندھ، خیبر پختونخوا کی صورتحال پر سیاسی قیادت سے رابطہ

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ شدید مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر مختلف سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کیے اور قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے سندھ، بالخصوص کراچی میں اربن فلڈنگ اور شدید بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے سندھ حکومت کو وفاقی حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد اور تعاون فراہم کرنے کی پیشکش کی۔

وزیراعظم نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ سندھ حکومت سے قریبی رابطہ رکھا جائے، پی ڈی ایم اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے اور عوام کو ممکنہ خطرات سے پیشگی خبردار کیا جائے تاکہ نقصانات کم سے کم ہوں۔

وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور خیبر پختونخوا میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات، امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی خدمات کو سراہا جو متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشنز میں فعال کردار ادا کر رہی ہے۔

اسی طرح وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سندھ میں حالیہ اور متوقع بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے ممکنہ خطرات پر بات کی۔ انہوں نے این ڈی ایم اے سمیت تمام وفاقی اداروں کی جانب سے مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومتوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت امداد پہنچائی جا سکے اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

Back to top button