برسلز میں آرمی چیف نے کوئی سیاسی بات نہیں کی، نا ہی کسی معافی کا ذکر کیا : ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا ہے کہ آرمی چیف نے برسلز میں کوئی انٹرویو نہیں دیا، آرمی چیف نے کوئی سیاسی بات نہیں کی، نا ہی انہوں نے کسی معافی کا ذکر کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے واضح کیا کہ نو مئی کرنے اور منصوبہ سازوں کو قانون کا سامنا کرنا پڑے گا،صحافی نے حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ برسلز کی تقریب میں سینکڑوں افراد موجود تھے، جہاں آرمی چیف نے پاکستان کی خارجہ و دفاعی پالیسی اور سلامتی کے امور پر اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ تقریب میں شریک افراد نے آرمی چیف کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں اور اس موقع پر کسی سیاسی نوعیت کی بات سامنے نہیں آئی۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کاکہنا تھاکہ بعض حلقے آرمی چیف کی تقریر کےحوالے سے گمراہ کن پروپیگنڈا کر رہے ہیں،جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ آرمی چیف نے پی ٹی آئی کے بارے میں کوئی بات نہیں کی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہاکہ نو مئی جیسے انتشار پر لوگوں کو معافی مانگنی چاہئے، یہ فوج نہیں بلکہ ریاست پاکستان کے خلاف سازش تھی، معافی سے قانونی عمل رک نہیں سکتا۔
