دریائے چناب، جہلم، راوی اورندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری

پی ڈی ایم اے پنجاب نے 20 سے 24 جولائی کے دوران دریائے چناب، جہلم، راوی اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی۔

این ڈی ایم اے نے 19 سے 23 جولائی کے دوران مشرقی و مغربی دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی، فلیش سیلاب اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا الرٹ جاری کر دیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق شدید مون سون اور مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 20 سے 23 جولائی تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور بالائی پنجاب میں بعض مقامات پر شدید بارشوں کا باعث بنے گا، جس سے فلیش سیلاب اور ہل ٹورنٹس میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب میں مرالہ اور دریائے جہلم کے منگلا کے بالائی حصے میں سیلابی ریلوں کا امکان ہے، جبکہ سیالکوٹ میں ایک، پلکھو، منور تاوی اور جموں تاوی، نارووال میں بین، بسنتر اور ڈیگ، گجرات میں بھمبر سے آنے والے نالوں اور مریدکے میں فلیش سیلاب کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ڈی جی خان، راجن پور کے ہل ٹورنٹس، مری اور گلیات کے برساتی نالوں میں بھی شدید بارشوں کے باعث فلیش سیلاب کا ہائی رسک ہے۔

این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں پانی کی سطح بلند ہونے کا خدشہ ہے، جبکہ نوشہرہ سمیت متاثرہ علاقوں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں، بالخصوص پنجکوڑہ، سوات اور چترال میں بھی طغیانی کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے لوئر و اپر چترال، اپر و لوئر دیر، مالاکنڈ، شنگلہ، اپر و لوئر کوہستان، کولئی پالس، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شدید بارشوں اور فلیش سیلاب کا خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق گلگت بلتستان کے ہنزہ، نگر، گلگت، غذر، دیامر، شگر اور گانچھے کے مختلف علاقوں میں بھی فلیش سیلاب کا الرٹ جاری کیا گیا ہے، جبکہ راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارووال، حافظ آباد، لاہور اور شیخوپورہ سمیت متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا شدید خدشہ ہے۔ اسی طرح آزاد کشمیر کے دریائے نیلم، جہلم اور پونچھ کے معاون نالوں میں طغیانی، جبکہ ڈی جی خان، راجن پور، بارکھان، لورالائی اور ژوب کے ندی نالوں اور ہل ٹورنٹس میں بھی فلیش سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

 

Back to top button