بنگلہ دیش میں سیلاب نے تباہی مچادی،44افراد جاں بحق

بنگلہ دیش میں مون سون کی بارش کے آغاز کے ساتھ ہی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے تباہی مچا دی ہے جہاں جنوب مشرقی علاقے میں 44 افراد جاں بحق اور 10 لاکھ سے زائد افراد پھنسے ہوئے ہیں۔
غیرملکی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بنگلہ دیش کی ڈیزاسٹر منیجمنٹ کی وزارت نے بیان میں بتایا کہ چٹوگرام، کوکس بازار، باندربن، رانگاماتی، کھاگراچھڑی، مولوی بازار اورحبیب گنج سمیت 7 اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں جہاں معمولات زندگی متاثر ہوئی ہے اور ہزاروں خاندان پھنسے ہوئے ہیں۔
بیان میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں میں دو لاکھ 67 ہزار 918 گھر زیر آب آگئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کئی شہری گھروں میں سیلاب آنے کی وجہ سے کھانا پکانے کی حالت میں نہیں ہیں اور دیگر افراد گھروں اور کچن سے ملبہ ہٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
سیلاب سے بری طرح متاثرہ ضلع چٹوگرام کے شہری نورالاسلام نے بتایا کہ تاحال ہمارے گھروں کے اندر پانی ہے اور ہمارے پاس کھانا پکانے کا کوئی ذریعہ نہیں ہے، خشک کھانا ختم ہوچکا ہے اور بچوں کے ساتھ اندھیروں میں راتیں گزر رہے ہیں کیونکہ علاقے میں بجلی منقطع ہوچکی ہے۔
بنگلہ دیش کی فوج اور بحریہ کے اہلکار منقطع علاقوں میں موجود متاثرہ شہریوں تک کھانا، پینے کاپانی، ادویات اور دیگر ضروری اشیائے کشتیوں کے ذریعے پہنچا رہے ہیں اور حکام کی جانب سے بھی ریلیف کے اقدامات میں تیزی لائی جا رہی ہے۔
