پنجاب میں سیلاب نےتباہی مچادی،15لاکھ افراد متاثر،30جاں بحق

پنجاب کےبپھرےدریاؤں راوی،چناب،ستلج نے بڑےپیمانےپرتباہی مچادی،4لاکھ افراد بےگھر،280گاؤں ڈوب گئے،30افراد جان کی بازی ہار گئے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پنجاب میں تین دریاؤں کے سیلابی پانی سے 2 ہزار 38 موضع جات متاثر ہوئے ہیں، جن میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقے دریائے چناب کے کنارے ہیں۔ ان کے مطابق متاثرین کی امداد کے لیے 511 ریلیف اور 351 میڈیکل کیمپس قائم ہیں، جہاں 6 ہزار سے زائد لوگ مقیم ہیں، جبکہ لاکھوں مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کردیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن میں 808 کشتیاں شریک ہیں اور صرف 36 گھنٹوں میں 68 ہزار سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی براہِ راست نگرانی میں تاریخ کا سب سے بڑا ریلیف آپریشن جاری ہے، جس کی بدولت بڑے پیمانے پر جانی نقصان سے بچا گیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سیلاب کے بعد بحالی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے گی۔
ریسکیو ٹیموں نے عوامی خدمت کی کئی مثالیں قائم کیں، حتیٰ کہ ایک گاؤں سے ڈوبنے والا جہیز بھی محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ فیلڈ اسپتالوں میں متاثرین کو علاج، ادویات اور ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جبکہ پولیس بھی انخلا اور امدادی کارروائیوں میں ریسکیو ٹیموں کے ساتھ شریک ہے۔
