سیلاب متاثرین کوتنہانہیں چھوڑیں گے،حکومت خودپہنچےگی،مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکاکہناہےکہ سیلاب متاثرین خودکوتنہانہ چھوڑیں نہ آپ کوتنہاچھوڑیں گےحکومتی نمائندے خودآپ کے پاس پہنچیں گے۔

پی ڈی ایم اے ہیڈ آفس میں ڈپٹی کمشنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے ارکان صوبائی اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے براہ راست رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سیلابی صورتحال نے ثابت کیا ہے کہ پنجاب میں مختلف محکمے الگ الگ نہیں بلکہ ایک ٹیم کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بدترین سیلاب کے دوران ریسکیو، پولیس، ڈپٹی کمشنرز اور دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ متاثرین کے رابطے کا انتظار نہ کیا جائے بلکہ حکومت خود ان تک پہنچ کر مدد فراہم کرے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد اتنی سنگین سیلابی کیفیت سامنے آئی، بارشوں کے ساتھ بھارت کی جانب سے پانی چھوڑنے سے دریاؤں میں طغیانی آئی، لیکن بروقت انخلا یقینی بنانے پر متعلقہ اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ ان کے مطابق ساڑھے چار لاکھ سے زائد مویشی بھی بچا لیے گئے اور انسانی جانوں کا بھی بڑے پیمانے پر نقصان نہیں ہوا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ جہاں خطرہ موجود ہے وہاں پیشگی اقدامات کیے جائیں، حتیٰ کہ ضرورت پڑنے پر زبردستی انخلا بھی کروایا جائے۔ گائے اور بھینسوں کے لیے بیڑوں کا انتظام کیا جائے، ٹینٹ ویلج اور ٹوائلٹس کی سہولت بھی فراہم کی جائے جبکہ اسکولوں کی عمارتوں کو بھی عارضی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کیا جائے۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومت کو خود عوام کے دروازے تک پہنچنا چاہیے، ہر گاؤں، ہر وارڈ میں ریلیف پہنچے، اور متعلقہ افسران عوامی ضروریات سے براہِ راست آگاہ ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے لیے فنڈز فراہم کیے جائیں اور مویشیوں کے چارے کی کمی فوری طور پر پوری کی جائے۔

وزیراعلیٰ نے سیلاب کے بعد بحالی کے اقدامات کی بھی ہدایت دی، جن میں ڈی واٹرنگ پمپس لگانے اور عوامی رابطوں کی بحالی شامل ہیں۔ انہوں نے کرتارپور گردوارہ میں پانی کی نکاسی اور صفائی پر ڈپٹی کمشنر نارووال کو سراہا اور کہا کہ دنیا بھر کی سکھ برادری کی جانب سے شکریے کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔

مریم نواز نے پاک فوج کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فوجی جوانوں نے سیلاب کے دوران عوام کی بھرپور مدد کی، یہ تعاون ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

Back to top button