پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کی ملاقات،عالمی امورپرتبادلہ خیال

پاکستان اور کینیڈا کے وزرائے خارجہ کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، زراعت میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں انسداد دہشت گردی، افغانستان کے دراندازی، کشمیر کی صورتحال اور سندھ طاس معاہدے پر بھی بات ہوئی۔

کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند آج اسلام آباد پہنچیں اور نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ کی شعبہ جات میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا کہ کینیڈا کی وزیرِ خارجہ کا یہ دورہ پاکستان اور کینیڈا کے مابین دیرینہ تعلقات میں ایک اہم پیش رفت کی علامت ہے، یہ دورہ دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کے ہمارے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات تاریخی روابط، عوامی سطح پر مضبوط روابط اور کینیڈا میں آباد متحرک پاکستانی برادری کی بنیاد پر استوار ہیں، آج کی ملاقات میں ہم نے دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں کا جامع جائزہ لیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی امور پر مفصل تبادلۂ خیال کیا۔

انہوں ںے کہا کہ دونوں فریقین نے اعلیٰ سطح روابط کو تسلسل کے ساتھ جاری رکھنے، ادارہ جاتی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، باقاعدہ دوطرفہ مشاورت کو فروغ دینے اور متعلقہ وزارتوں و اداروں کے درمیان روابط کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Back to top button