فرانس نےغزہ پراسرائیلی قبضےکامنصوبہ مسترد کردیا

فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیلی فوج کی غزہ میں جاری پیش قدمی کو "انسانی المیے اور بحران کی انتہا” قرار دے دیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر میکرون کا کہنا تھا کہ اسرائیل کا غزہ پر مکمل کنٹرول کا منصوبہ نہ صرف خطرناک بلکہ غیر انسانی بھی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس مہم کے نتیجے میں عام شہری، بالخصوص بچے، بدترین حالات کا شکار ہو جائیں گے، جبکہ اسرائیلی قیدیوں کی سلامتی بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔

میکرون نے اسرائیل سے فوری جنگ بندی اور مسئلے کے سیاسی حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل عسکری کارروائیاں خطے کے امن کو مزید کمزور کر رہی ہیں اور غزہ کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم کیا جا رہا ہے۔

فرانسیسی صدر نے اقوام متحدہ کی منظوری سے ایک بین الاقوامی اتحاد بنانے کی تجویز بھی پیش کی، جو دہشت گردی کا مقابلہ کرے، غزہ میں استحکام لائے، انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائے اور عالمی برادری کو متحرک کرے تاکہ بحران کے اثرات کم کیے جا سکیں۔

واضح رہے کہ اس وقت اسرائیل غزہ کے تقریباً 75 فیصد علاقے پر کنٹرول حاصل کر چکا ہے اور اب غزہ شہر پر مکمل قبضے کی تیاری کر رہا ہے۔

Back to top button