عام انتخابات 15سے 25 جنوری کےدرمیان ہونے کی توقع
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی برائے قانون اور سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا ہے کہ ملک میں عام انتخابات 15 سے 25 جنوری کے درمیان ہونے کی توقع ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کنور دلشاد کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے ساڑھے 12 کروڑ سے زائد ووٹرز کی فہرست جاری کر دی ہے، حلقہ بندیوں کا معاملہ 30 نومبر سے قبل مکمل ہو جائے گا اور 30 نومبر کو حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کا گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔
معاون خصوصی کا کہنا ہے نوٹیفکیشن کے بعد سیکشن 57 کے تحت الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول جاری کرنے کا مجاز ہے، عام انتخابات کی تاریخ دینےکا اختیار صرف اور صرف الیکشن کمیشن کو ہے، کوئی ادارہ الیکشن کمیشن کے اختیارات میں مداخلت نہیں کر سکتا۔
سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے نگران حکومت فنڈز کا استعمال آرٹیکل 224 کے تحت کر رہی ہے، آرٹیکل 224 کے تحت نگران حکومت کو فنڈز اور تعمیراتی کام کا مکمل اختیار ہے، نگران پنجاب حکومت کسی سیاسی جماعت کے تابع نہیں ہے۔