حکومت اورپی ٹی آئی رابطے بحال، مذاکرات کیلئےپارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز

وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان رابطے بحال ہوگئے۔  مذاکرات کیلئےپارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویزمان لی گئی۔

اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر ہاؤس  میں ملاقات کی جس میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات  کیلئےپارلیمنٹ کا پلیٹ فارم استعمال کرنےکا فیصلہ کیا گیا، مذاکرات کے لیے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز اسپیکر نے دی، ان کی تجویز کو پی ٹی آئی اور حکومت دونوں نے تسلیم کر لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات بغیر کسی پیشگی شرائط کے ہوں گے، مذاکرات کا مقصد ملک میں سیاسی عدم استحکام اور جاری تناو میں کمی لانا ہو گا اورفریقین جلد مذاکراتی کمیٹیوں کےاراکین کے نام مشاورت سےدیں گے۔

ذرائع نے بتایاکہ اسپیکرایاز صادق سےاس سےقبل سلمان اکرم راجا اوراسد قیصرنے بھی ملاقات کی تھی۔

 خیال رہے کہ پی ٹی آئی نےحکومت کےساتھ مذاکرات کے لیے رابطہ کیا، مفاہمت کی فضا پیداکرنے کےلیےپی ٹی آئی کی مذاکرات کی پیشکش قبول کرلی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہےکہ مفاہمت کی فضا پیدا کرنے کیلئےپی ٹی آئی کی مذاکرات کی پیش کش قبول کی ہے،سیاست میں مذاکرات ہی آگےبڑھنے کا راستہ ہوتا ہے، انتشار نہیں۔

ذرائع کا دعویٰ ہےکہ پی ٹی آئی مذاکرات کیلئےاپنے پیشگی مطالبات سے پیچھے ہٹ گئی، پی ٹی آئی9 مئی اور26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن چاہتی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات کیلئےملاقات کےحوالے سے تاحال کسی وقت کا تعین نہیں ہوسکا جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سےحکومت کی مذاکراتی کمیٹی کے سامنے چند بڑے مطالبات رکھے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے9 مئی اور26 نومبر کے واقعات کے حوالے سے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست کی ہے۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ جلد ہی ایک حکومتی کمیٹی بنائی جائے گی تاکہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

Back to top button