شمالی وزیرستان میں آپریشن،7 خارجی دہشتگرد ہلاک،اہلکارشہید

سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کےعلاقوں میران شاہ اور اسپن وام میں کارروائی کرتے ہوئے 7 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں لانس نائیک محمد امین شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر 2 الگ الگ آپریشن کیے۔سکیورٹی فورسز نےدہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر پہلا آپریشن میران شاہ جبکہ دوسرا اسپن وام میں کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پہلے آپریشن میں 4 خارجی دہشت گرد جبکہ دوسرے آپریشن میں 3 خوارج مارے گئے۔دونوں آپریشن میں7 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جبکہ آپریشن کے دوران فائرنگ کےتبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے لانس نائیک محمد امین بھی شہد ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ علاقے میں مزید خارجی دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب میں کامیاب آپریشن کرتےہوئے15 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کردیا تھا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نےخفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی ژوب کے علاقے سمبازہ میں کی، آپریشن کےدوران 15خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج نےبیان میں کہا تھا کہ خوارج کےقبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو سیکیورٹی فورسز کے خلاف دہشتگردی کی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی سرگرم تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا تھا کہ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عارف الرحمٰن بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔
ایک روز قبل بھی خیبرپختونخوا کےضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے2خارجی دہشت گردوں کوہلاک جبکہ ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا تھا۔