حکومت کا ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے مالکان کو اوریجنل قیمت ادا کرنے کا فیصلہ

حکومت نے متنازع رہائشی منصوبے ون کا نسٹیٹیوشن ایونیو کے اپارٹمنٹس کے مالکان کو ان کی اوریجنل قیمت ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے حتمی اعلان وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے بعد جلد متوقع ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے اس معاملے پر تشکیل دی گئی کمیٹی نے کام شروع کردیا ہے۔کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کے قیام کا با ضابطہ نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
کمیٹی کے کنوینر وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ہیں جب کہ اراکین میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، سیکرٹری کابینہ ڈویژن اور سیکرٹری تجارت شامل ہیں۔ کمیٹی کی ٹی او آرز بھی جاری کردیے گئے ہیں۔
کمیٹی ون کانسٹیٹیوشن ایونیو کے قانونی و انتظامی پہلوؤں کا جائزہ لےگی اور تمام متعلقہ کیسز کا بھی جائزہ لے گی۔کمیٹی متاثرہ اپارٹمنٹس مالکان کے بیان ریکارڈ کرے گی اور ان کا نقطہ نظر سنے گی۔
کمیٹی متاثرین کی شکایت کا ازالہ کرنے اور عدالتی احکامات پر عمل درآ مد یقینی بنانے کےلیے متوازن انداز سے آگے بڑھنے کےلیے لائحہ عمل تجویز کرے گی۔
کمیٹی8 مئی کو اپنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرے گی۔وزیراعظم کے حتمی فیصلہ کے آنے تک سی ڈی اے۔پولیس یا ضلعی انتظامیہ مکینوں کےخلاف کوئی ایکشن نہیں لےگی۔
