اسحاق ڈار اور عباس عراقچی میں رابطہ، بات چیت سے مسائل حل کرنے پر زور

 

 

 

وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے درمیان رابطہ ہوا جس میں خطےکی مجموعی صورت حال اور امن و استحکام کےلیے پاکستان کی سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے خطے میں کشیدگی کے خاتمے اور فریقین کے درمیان مکالمے کے فروغ کےلیے اپنی جاری سفارتی کاوشوں سے آگاہ کیا جب کہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ ثالثی کی کوششوں کو سراہا۔

اسحاق ڈار نے اس امر کا اعادہ کیاکہ مسائل کا پائیدار حل صرف بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے ہی ممکن ہے۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہاکہ پاکستان خطے میں دیرپا امن، استحکام اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کے فروغ کےلیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا گفتگو میں علاقائی امن و استحکام کےلیے مشترکہ کاوشیں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

 

Back to top button