حکومت کا چینی کی مزید درآمد روکنے کا فیصلہ

وزارتِ قومی غذائی تحفظ کی سفارش پرحکومت نےچینی کی مزیددرآمدروکنےکا فیصلہ کرلیا۔
سرکاری حکام کے مطابق وزارتِ قومی غذائی تحفظ میں شوگر اسٹاکس کا جائزہ لیا گیا جس کے دوران فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں وافر مقدار میں ذخائر موجود ہونے کے باعث مزید درآمد کی ضرورت نہیں ہے۔
حکام نے بتایا کہ ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے اب مزید چینی درآمد نہیں کی جائے گی۔ چینی کی درآمد صرف 3 لاکھ میٹرک ٹن کے موجودہ معاہدوں تک محدود رہے گی، جس کے آرڈرز پہلے ہی دیے جاچکے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل حکومت نے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم اب اس میں کمی کر دی گئی ہے۔
