سرکاری ملازم پر تشدد کیس: مدعی کے مقدمہ واپس لینے پر فرحان غنی رہا

سرکاری اہلکار پر تشدد کے کیس میں صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی سمیت تینوں ملزمان کو مدعی کی جانب سے مقدمہ واپس لینے پر رہا کردیا گیا ہے۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت (اے ٹی سی) میں چنیسر ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی و دیگر کے خلاف سرکاری ملازمین پر تشدد کیس کی سماعت ہوئی۔
دوران سماعت پولیس نے اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کی جس میں بتایا گیاکہ مدعی مقدمہ کھدائی سے متعلق کوئی این او سی پیش نہیں کر سکا،مدعی مقدمہ کسی سرکاری محکمے میں ملازمت ہونے سےمتعلق شناخت بھی نہیں کرواسکا۔
پولیس رپورٹ کےمطابق جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی حاصل کرنے میں کامیابی نہیں ملی،مدعی مقدمہ کا ایک عام سا جھگڑا تھاجس میں کسی قسم کا اسلحہ استعمال نہیں ہوا جب کہ مدعی مقدمہ اب تک کوئی ٹھوس شواہد پیش نہیں کر سکا۔
پولیس رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ مدعی مقدمہ نے تھانے آکر کہا ہےکہ وہ مقدمے کی مزید کارروائی نہیں چاہتا،مدعی کے بیان اور شواہد کی روشنی میں ملزمان کو عدم ثبوت پر رہا کر دیا گیا۔
یاد رہے کہ سرکاری ملازم پر تشدد کے کیس میں مدعی مقدمہ کے مقدمہ واپس لینے کےبعد زیرحراست چیئرمین چنیسر ٹاؤن فرحان غنی سمیت 3 ملزمان کو رہا کردیا گیا ہے۔
