گورنرکوخیبرپختونخواپہنچ کرعدالتی حکم پرعملدرآمدکرناچاہیے،بلاول بھٹو

چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو فوری طور پر پشاور پہنچ کر عدالتی حکم پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کردی۔

نجی تقریب سے خطاب کے دوران چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے سامنے بیٹھے فیصل کریم کنڈی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گورنر صاحب، آپ کو خیبرپختونخوا پہنچنا چاہیے۔میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو کہوں گا کہ وہ اپنا جہاز گورنر کو دے دیں تاکہ کہ وہ خیبرپختونخوا پہنچ کر عدالت کا جو بھی حکم ہو اس پر عملدر در آمد کرتے ہوئے آئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کریں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے پارٹی چئیرمین کےحکم کے مطابق پشاور کے لیے فوری اڑان کی تیاری کرلی۔

فیصل کریم کنڈی نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ کبھی حلف لینے سے انکار نہیں کیا، آئین کے تقاضے پورے کے جائیں گے اور میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ قانون اور آئین پر عملدرآمد کریں گے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ میرا جواب ہائیکورٹ میں جمع ہوچکا ہے، میں آج رات ہر صورت میں پشاور پہنچ جاؤں گا اور میرا جو آئینی فرض ہے، وہ ادا کروں گا۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے پارٹی کے قائد عمران خان کی ہدایت پر گزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے تاحال استعفیٰ منظور نہیں کیا ہے۔

تاہم خیبرپختونخوا اسمبلی نے گزشتہ روز سہیل آفریدی کو وزیراعلیٰ منتخب کرلیا تھا تاہم اپوزیشن نے وزیراعلیٰ کے انتخاب کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ کردیا تھااور وزیراعلیٰ کے انتخاب کو عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔

Back to top button