مناسک حج 1446ھ کا آج سے آغاز

مناسک حج کا آج سے آغاز ہورہا ہے،دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گے اور جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گےاور عبادات میں مصروف رہیں گے۔
لَبَّيْكَ اللَّهُمَّ لَبَّيْكَ کی روح پرور صداؤں کے ساتھ مناسکِ حج 1446ھ کا باقاعدہ آغاز ہوگیا ہے۔ منی میں دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی آباد ہوگئی۔
نماز فجر کےبعد پاکستان سمیت دنیا بھر کے لاکھوں عازمینِ حج رہائش گاہ سے احرام باندھنے کےبعد 2 رکعت نفل ادا کرکے منیٰ میں قائم دنیا کی سب سے بڑی خیمہ بستی کی جانب رواں دواں ہیں۔
دنیا بھر سے آئے لاکھوں عازمینِ حج ظہر سے پہلے منیٰ پہنچیں گےاور عازمین حج آج منیٰ میں ظہر،عصر ، مغرب اور عشاء کی نماز ادا کریں گے اور جمعرات کی صبح تک منیٰ میں ہی قیام کریں گےاور عبادات میں مصروف رہیں گے۔
جب کہ کل 9 ذوالحجہ کو وہ رکنِ اعظم وقوفِ عرفہ کےلیے میدانِ عرفات روانہ ہوں گے۔ عازمین 9 ذوالحجہ کو حج کا خطبہ سننے کے بعد ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کریں گے پھر حجاج کرام سورج غروب ہونے تک میدان عرفات میں وقوف کریں گے۔ اذان مغرب کے بعد نماز پڑھے بغیر حجاج کرام میدان عرفات سے مزدلفہ روانہ ہوں گے۔مزدلفہ میں حجاج کرام مغرب اور عشاء کی نمازیں ملاکر پڑھیں گے۔
مزدلفہ میں حجاج کرام شیطان کو مارنے کےلیے کنکریاں جمع کریں گے اور پھر حجاج مزدلفہ میں کھلے آسمان تلے رات گزاریں گےاور 10 ذوالحجہ کو وقوف مزدلفہ کےبعد رمی کےلیے روانہ ہوں گے۔ پھر حجاج بڑے شیطان کو 7 عدد کنکریاں ماریں گے اور قربانی کریں گے۔ حجاج کرام حلق کرانے کے بعد احرام کھول دیں گے۔ 11 ذوالحجہ کو حجاج کرام چھوٹے ،درمیانے اور بڑے شیطان کو سات سات کنکریاں ماریں گے۔رمی جمرات کےبعد حجاج کرام طواف زیارت کےلیے خانہ کعبہ روانہ ہوں گے، طواف زیارت کے بعد حجاج کرام صفا مروہ کی سعی کریں گے۔ 12 ذوالحجہ کو زوال آفتاب کے بعد تینوں شیطانوں کو کنکریاں ماری جائیں گی۔ 13 ذوالحجہ کو حجاج کرام رمی جمرات کےبعد منی سے اپنی رہائش گاہ روانہ ہو جائیں گے۔
مقامات مقدسہ منیٰ،مزدلفہ اور عرفات میں حجاج کرام کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فیلڈ اسپتال، ڈسپنسریاں اور عارضی کلینکس قائم کیےگئے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کےمطابق پاکستانی عازمین کو سعودی سرکاری کمپنی سے 442 بسیں ملی ہیں،پاکستان حج مشن نے نجی کمپنی سے 510 اضافی بسیں حاصل کی ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کاکہنا ہےکہ مشاعر کےدوران 25 ہزار 861 عازمین بسوں سے روانہ ہوں گے۔ 62 ہزار پاکستانی عازمین ٹرین کےذریعے مشاعر کا سفر کریں گے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کےمطابق جمعرات سے حرم کےلیے سرنگوں کے ذریعے 4 کلومیٹر راستہ پیدل طے ہو گا،پاکستانی عازمین جمعرات سے حرم کےلیے سعودی شٹل سروس بھی استعمال کر سکیں گے۔