حکومت کے تاریخی کردار سے سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہوئی،نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت، اسحاق ڈار کی معاونت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تاریخی کردار کی بدولت پاکستانی سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہو رہی ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت گلگت بلتستان پارلیمانی بورڈ کے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے شرکت کی۔
نواز شریف کا کہناتھاکہ گلگت بلتستان کو مسلم لیگ ن سے زیادہ کون جانتا ہے، مسلم لیگ ن نے گلگت بلتستان میں خدمت کی ہے، گلگت بلتستان میں 60 ارب روپے سے زائد لاگت سے بننے والی سڑک سے فاصلے کم ہوئے، علاقے میں ہونے والے ترقیاتی کام عوام کا حق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہر شعبے اور ہر محاذ پر اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے، وفاق اور پنجاب میں بڑھ چڑھ کر کام ہورہا ہے، دیگر صوبے بھی تقلید کریں۔
ان کا کہنا تھاکہ 15 سال سے کے پی میں کیا ہورہا ہے، کیا کوئی سکھ کا سانس لے رہا ہے؟ خیبرپختونخوا میں 15 سال سے اقتدار میں موجود پارٹی کون سا فلاحی کام کررہی ہے، خیبرپختونخوا کے عوام صحت سہولتوں سے محروم ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ سفارتی سطح پر پاکستان کا نام بلند ہوا ہے، 1998 کے بعد آج ایک بار پھر وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت، اسحاق ڈار کی معاونت اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے تاریخی کردار کی بدولت پاکستانی سبز پاسپورٹ کی عزت بحال ہو رہی ہے، یہ ملک کیلئے عمدہ کردار ادا کیا جا رہا ہے، اللہ عزت پاکستان کو دے رہا ہے۔

Back to top button