کراچی:پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم دھماکا، 2 اہلکار شہید
کراچی پولیس ہیڈ کوارٹر میں دستی بم پھٹنے سے دو اہلکار موقع پر شہید ہوگئے جبکہ دو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیئے گئے ہیں، دھماکہ ہیڈ کوارٹر میں اہلکار کی مبینہ غفلت سے ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا ہیڈ کوارٹر کے کوت میں ہوا جہاں مبینہ طور پر غفلت کے دوران ایک دستی بم پھٹ گیا، پولیس کے مطابق دھماکے میں 40 سالہ پولیس اہلکار شہزاد اور 45 سالہ صابر شہید جب کہ پولیس کانسٹیبل علی گوہر اور کوت انچارج سب انسپکٹر سعید زخمی ہوئے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں، دوسری جانب ڈی آئی جی آصف اعجاز واقعے کی اطلاع ملنے پر جائے وقوعہ پہنچے جہاں انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا۔
عمران خان کا ‘بندہ ایماندار ہے’ کا بت کیسے پاش پاش ہوا؟
ڈی آئی جی آصف اعجاز شیخ نے بتایا کہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر کے اسلحہ خانے سے پولیس اہلکاروں نے دو دستی بم باہر نکالے تھے کہ ان میں سے ایک کی پن نکل گئی جس سے زوردار دھماکا ہوا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ کوت ایسی جگہ پر ہے جہاں دہشتگردی کا کوئی عنصر ظاہر نہیں ہوسکتا، اس اسلحے کا معائنہ کوت کے اندر ہی ہونا چاہیے تھا، اہلکاروں نے دستی بم باہر کیوں نکالے اس امر کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
