کیا امیتابھ ایک بار پھر موذی وائرس کو شکست دے لیں گے؟

بھارتی فلم انڈسٹری میں ’’بگ بی‘‘ کے نام سے شہرت حاصل کرنے والے 79 سالہ امیتابھ بچن ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد ان کی مداح تشویش میں مبتلا ہو گئے ہیں، دوسری جانب امیتابھ نے خود کو آئیسولیٹ کر لیا ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ امیتابھ کو کم از کم ایک ہفتہ ٹک کر علاج کروانا ہوگا اور تنہائی میں رہنا پڑے گا۔
امیتابھ بچن نے سماجی رابطوں کی ویب ٹوئٹر پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ پر کرونا وائرس کا شکار ہونے کا انکشاف کیا۔ بالی ووڈ سٹار نے لکھا کہ میں نے ابھی کرونا ٹیسٹ کروایا ہے جو مثبت آیا ہے اور مداحوں کو مشورہ دیا کہ وہ بھی اپنا کرونا ٹیسٹ لازمی کروائیں، بالی وڈ سٹار کے اس اعلان کے بعد مداحوں نے ان کی فوری صحت یابی کی دعا کی اور ان سے اپنا بھرپور خیال رکھنے کی اپیل کی لیکن امیتابھ بچن کی اہلیہ جیہ بچن نے اس اُمید کا اظہار کیا ہے کہ ماضی کی طرح ان کے شوہر ایک مرتبہ پھر کرونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب رہیں گے۔

’لال سنگھ چڈھا‘ عالمی سطح پر کامیاب ترین فلم قرار

یاد رہے کہ اس سے پہلے 2020 میں امیتابھ، انکے بیٹے ابھیشیک بچن، بہو ایشوریہ رائے اور پوتی آرادھیا بچن کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا، چنانچہ امیتابھ اور ابھیشیک ممبئی کے ہسپتال میں داخل ہوئے تھے۔ بگ بی اس وقت ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کے آنے والے سیزن کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جبکہ وہ کچھ نئی فلموں میں اپنے ایکشن کے جوہر دکھاتے بھی نظر آئیں گے۔
امیتابھ بچن 11 اکتوبر 1942 کو الہ آباد میں پیدا ہوئے اور 1969 میں فلم سات ہندوستانی سے اپنی فلمی کیرئیر کا آغاز کیا، انہیں شہرت 1971 میں ریلیز ہونے والی فلم آنند سے ملی جس میں ان کے کردار کو فلم فیئر کا بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ بھی دیا گیا تاہم 1973 میں فلم زنجیر نے انہیں حقیقی معنوں میں شہرت دلائی اور انہیں ’’اینگری ینگ مین‘‘ کہا جانے لگا، مگر ان کا عروج فلم شعلے سے شروع ہوا جس کے بعد کبھی پیچھے پلٹ کر نہیں دیکھا۔ کبھی کبھی، امر اکبر انتھونی، ڈان، تریشول، مقدار کا سکندر، سلسلہ، مسٹر نٹورلال، ہم، محبتیں، کبھی خوشی کبھی غم، باغبان، آنکھیں، خاکی، پنک اور بلیک سمیت متعدد سپرہٹ فلمیں ان کے کریڈٹ پر ہیں،77 سالہ امیتابھ بچن نے گزشتہ 5 دہائیوں میں 200 سے زیادہ بھارتی فلموں میں کام کیا۔
اس کے ساتھ ہی وہ سابق سیاستدان اور ٹی وی ہوسٹ بھی ہیں اور ان کا پروگرام ’’کون بنے گا کروڑ پتی‘‘ کافی مشہور ہوا ہے، انہیں 3 بار نیشنل فلم ایوارڈ اور 12 بار فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا جبکہ دیگر لاتعداد اعزاز الگ ہیں، امیتابھ بچن کی شادی اداکارہ جیا بہادری سے ہوئی، ان کے دو بچے شویتا نندا اور ابھیشیک بچن ہیں، ابھیشیک بھی اداکار ہیں اور بھارتی اداکارہ ایشوریا رائے ان کی بیوی ہیں۔

Back to top button