8سعودی جہازوں کوبحرہ احمرسےواپس بھیج دیا،حوثیوں کادعویٰ

یمن کے حوثی گروپ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی بحری کارروائیوں کے نتیجے میں آٹھ سعودی آئل ٹینکروں کو اپنا راستہ تبدیل کرنے پر مجبور کر دیا۔
یمنی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا کہ یمنی مسلح افواج سعودی عرب کے خلاف اپنی بحری ناکہ بندی کی کارروائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق ہماری مسلح افواج کا ہاتھ جہاں تک پہنچ سکتا ہے وہاں تک سعودی جہاز بھی ہماری کارروائیوں کی زد میں آ سکتے ہیں۔
تاہم حوثیوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ مبینہ طور پر آٹھ سعودی آئل ٹینکروں نے اپنا راستہ کب اور کن حالات میں تبدیل کیا۔
حوثیوں نے 20 جولائی کو سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔ اس اعلان کے بعد بحیرہ احمر اور باب المندب کے راستے سے گزرنے والے تجارتی اور تیل بردار جہازوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
اس سے قبل بعض میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ حوثی باب المندب سے گزرنے والے تجارتی جہازوں پر فیس عائد کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں تاہم حوثی قیادت نے ان اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کا مقصد تجارتی جہازوں سے محصولات وصول کرنا نہیں بلکہ اپنی عسکری حکمت عملی پر عمل درآمد کرنا ہے۔
