حوثیوں کا سعودی خام تیل کےانفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

یمن کی حوثی اکثریتی تنظیم انصار اللّٰہ نے سعودی خام تیل کے ٹرانسپورٹ انفرااسٹرکچر کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق انصار اللّٰہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ سعودی شہر ینبع میں خام تیل کی سپلائی اور ٹرانسپورٹ سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

ترجمان انصار اللّٰہ کے مطابق سعودی تنصیبات پر یہ حملہ سعودی ڈرونز کی جانب سے یمن کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے جواب میں کیا گیا۔

سعودی عرب کا کہنا ہے کہ مشرقی صوبے اور ریاض میں تیل تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔

سعودی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کا کہنا ہے کہ دفاعی نظام نےحملہ آور ڈرون طیاروں کو فضا میں تباہ کر دیا۔

میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ دہشت گردانہ حملے عراقی سرزمین سے کیے گئے، ڈرون حملوں میں ایران کے حمایت یافتہ دہشتگرد ملیشیا ملوث ہیں، سعودی مسلح افواج مناسب وقت پر جواب دینے کا حق رکھتی ہے۔

ترجمان سعودی وزارت دفاع نے کہا کہ عراق سے ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے حملے کا جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔

Back to top button